ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنٹوال: غیر قانونی طورپر ریت نکالنے کے اڈے پر پولیس کا چھاپہ۔لاکھوں روپے مالیت کا ساز وسامان ضبط

بنٹوال: غیر قانونی طورپر ریت نکالنے کے اڈے پر پولیس کا چھاپہ۔لاکھوں روپے مالیت کا ساز وسامان ضبط

Mon, 05 Nov 2018 13:01:21    S.O. News Service

بنٹوال 5؍نومبر (ایس او نیوز) غیر قانونی طور پر ندی سے ریت نکالنے اور ذخیرہ کیے جانے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر بنٹوال پولیس نے مولرپٹنا نامی علاقے میں چھاپہ مارا اوروہاں سے لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان ضبط کرلیا ہے ۔

پولیس کے بیان کے مطابق ندی سے ریت نکالنے کے لئے استعمال ہونے والی لوہے کی بنی ہوئی دو دیسی کشتیاں، کھدائی کرنے والی ایک بڑی مشین ، ۹ ٹپّر موٹر گاڑیاں اور جمع کیا گیا ریت کا ذخیرہ ضبط کرلیا گیا ہے جس کی مجموعی مالیت کا اندازہ 58لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔پولیس نے ضبط کی گئی یہ تمام سامان اگلی کارروائی کے لئے محکمہ ارضیات و معدنیات( جیولوجی اینڈ مائنس) کے حوالے کردیا ہے۔

چھاپہ مارنے والی پولیس ٹیم نے بتایا کہ پھالگونی ندی کے کنارے غیر قانونی طور پر ریت نکالے جانے کی اطلاع پیٹرولنگ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی طرف سے دی گئی تھی۔ اور یہ جو غیر قانونی طور پر ریت نکالنے کی کارروائی ہورہی تھی وہ مقام مضافاتی پولیس اسٹیشن کے حدود کے اندرہی تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ جب پولیس نے چھاپہ مارا تو ریت نکالنے کے کام میں لگے ہوئے تمام مزدور فرار ہوگئے۔

مقامی اے ایس پی ہری کیش سوناونے، سرکل انسپکٹر ٹی ڈی ناگراج، مضافاتی سب انسپکٹر پرسنّا اور دیگر پولیس اہلکاروں نے اس مہم میں حصہ لیا۔


Share: